لکھنؤ،7/فروری (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین (اے آئی ایم آئی ایم)کے صدراورحیدرآباد سے ممبر پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے تین طلاق کے مسئلے پر وزیر اعظم نریندر مودی سمیت یوپی کے وزیر اعلی اکھلیش یادو اور کانگریس پر نشانہ سادھا ہے۔تین طلاق کے ایک سوال پر اویسی نے جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بھی تین طلاق دے چکے ہیں۔دراصل مرکزی وزیر روی شنکر پرساد کے ’یوپی انتخابات کے بعد تین طلاق پر پابندی‘والے بیان پر اویسی سے ان کی رائے مانگی گئی تھی۔اس پر انہوں نے کہاکہ ہم نے تین طلاق دے دیا نہ،ایک طلاق مودی کو، ایک اکھلیش کو اور ایک کانگریس کو۔غورطلب ہے کہ روی شنکر پرساد نے اس بات کا اشارہ دیا کہ اسمبلی انتخابات کا موجودہ عمل ختم ہونے کے بعد مرکزی حکومت شاید تین طلاق پر پابندی لگانے کے سلسلے میں اہم قدم اٹھا سکتی ہے۔اس کے علاوہ پرساد نے ایس پی، کانگریس اور بی ایس پی سے بھی اس متنازع مسئلہ پر اپنا موقف واضح کرنے کا مطالبہ کیا۔روی شنکر پرساد نے دعوی کیا کہ تین طلاق خواتین سے ان کا احترام چھین لیتا ہے، انہوں نے کہا کہ ہم عقیدے کا احترام کرتے ہیں،لیکن اچھائی اور برائی ساتھ ساتھ نہیں چل سکتی۔انہوں نے کہا کہ ایک ساتھ تین بار طلاق دینے کا طریقہ خواتین سے ان کا احترام چھین لیتا ہے، انہوں نے کہا کہ مرکز تین طلاق کو ختم کرنے کے لیے مصروف عمل ہے۔